Friday, July 21, 2017

’’ٹی وی ریٹنگ‘‘ پر شک بہت مناسب  لگتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ !!! 
’’ٹیلی ویژن ریٹنگ پوائنٹس‘‘یعنی ٹی آر پی، ٹی وی پر دیکھنے والوں کی راءے جانچنے کا پیمانہ ’’ٹی وی ریٹنگ‘‘ کہلاتا ہے یہ بھی ایک طرح کا گورکھ دھندہ ہے  ٹی وی ریٹنگ سے آخر کیا مراد ہے؟ پاکستان میں عوام   اس کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے۔ اسے سمجھنے کے لیے ہمیں ماضی میں جانا ہوگا پچیس تیس سال پہلے  جب صرف پاکستان ٹیلی ویژن ہوتا تھا تو اُس کے پروگراموں کے بارے میں رائے لینے کیلئے گھرگھر سروے کیا جاتا تھا۔ پی ٹی وی کے نمائندگان ناظرین کی دہلیز اُن کے گھروں پر جاکر پروگراموں کے بارے میں فارم بھرنے کا کہتے تھے وہ تمام اعداد و شمار ایک مرکزی دفتر میں اکٹھا کرکے ڈیٹا حاصل کیا جاتا۔ اس نظام کو ناظرین کی رائے لینے کا ’’ڈائری ریٹنگ سسٹم‘‘ کہا جاتا تھا۔ جب پاکستان میں پرائیویٹ چینلز کی نے اپنی نشیات شروع کی  تو ان پر پیش کئے جانیوالے پروگراموں کے بارے میں رائے لینے کیلئے ڈیجیٹل طریقہ مروج ہو گیا جو ڈائری ریٹنگ سسٹم سے ہٹ کر تھا۔ اسے ٹی آر پی یعنی ’’ٹیلی ویژن ریٹنگ پوائنٹس‘‘ کے نام سے موسوم کر دیا گیا -یہ نظام  پاکستان میں پہلی مرتبہ 2007ء میں متعارف کرایا گیا۔ ٹی آر پی ایک ایسا طریقہ کار ہے جس کے تحت کسی چینل یا پروگرام کی مقبولیت کا اندازہ سائنسی بنیادوں پر لگایا جاتا ہے۔ اس ڈیٹا کو مد نظر رکھ کر اشتہار دینے والی کمپنیاں اندازہ لگاتی ہیں کہ کون سا پروگرام ناظرین میں کتنا مقبول ہے۔ اس طرح اشتہاری اداروں نے مقبول ترین پروگراموں کو زیادہ اشتہار دینا شروع کر دیا ۔ ٹی وی ریٹنگ میں ناظرین کے سماجی پس منظر اور ٹی وی دیکھنے کی عادات سے متعلق معلومات بھی اکٹھا کی جانے لگیں۔ یہ معلومات اشتہاری کمپنیوں کیساتھ ساتھ میڈیا کی منصوبہ بندی کرنے والوں کیلئے بھی بہت مددگار ہوتی ہیں کیونکہ اس ڈیٹا سے انہیں اندازہ ہوتا ہے کہ کس وقت کون سا پروگرام مناسب رہتا ہے۔ ٹی آر پی کیلئے ’’فریکوئنسی مانیٹرنگ میٹر‘‘ استعمال کئے جاتے ہیں جنہیں ’’پیپل میٹر‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ میٹر منتخب گھروں میں لگائے جاتے ہیں۔ پیپل میٹر برطانوی کمپنی کی ایجاد ہیں جو ایک کتاب کے سائز کا ڈیجیٹل ڈبہ ہوتا ہے جسے ٹی وی کیبل کے ساتھ لگا دیا جاتا ہے۔ اسکے ریموٹ پر موجود بٹن گھر کے افراد کو الاٹ کر دیئے جاتے ہیں۔ گھر کا جو فرد ٹی وی دیکھنا چاہے گا وہ اپنے الاٹ شدہ بٹن سے ٹی وی آن کریگا۔ اس طرح ڈیجیٹل باکس میں گھر کے افراد کی عمر، جنس، پسندیدہ پروگرام اور وقت کا ڈیٹا اکٹھا ہوتا جائے گا جو پیپل میٹر کی کمپنی کے مرکزی کمپیوٹر یعنی مین سرور میں بھی پہنچ جائیگا۔ پیپل میٹر ایک قیمتی آلہ ہے جو صرف درآمد کیا جاتا ہے۔ ٹی آر پی بزنس کا سب سے حساس کام کل آبادی میں منتخب جگہوں کی تعداد کا ہوتا ہے کیونکہ منتخب گھروں کے ڈیٹا کو مجموعی آبادی پر تقسیم کرنا ہوتا ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک  میں پیپل میٹر کا دیانتداآنہ کام ہونا ایک مشکل امر ضرور ہے  کیونکہ یہاں کے کیبل آپریٹر پہلے سے اطلاع دیئے بغیر چینلوں کے نمبر تبدیل کردیتے ہیں جن سے پیپل میٹر فوری طور پر اپنے آپکو ہم آہنگ نہیں کر پاتا۔ پاکستان میں ٹی آر پی کا کام دو کمپنیاں یعنی ’’گیلپ‘‘ اور ’’میڈیا لاجک‘‘ کرتی ہیں۔ پاکستان میں ٹی آر پی کیلئے پیپل میٹر صرف چند بڑے شہروں کے سات سو گھروں میں لگائے گئے ہیں۔ ان شہروں میں کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، حیدر آباد، فیصل آباد، ملتان اور پشاور شامل ہیں جبکہ ان میں سے بھی پچاس فیصد پیپل میٹر صرف کراچی میں ہیں۔ اس حوالے سے ایک اور اہم بات یہ کہ تمام پیپل میٹر صرف شہری علاقوں میں نصب کئے گئے۔ اس طرح پاکستان کے ٹی آر پی میں دیہاتی علاقوں کی کوئی نمائندگی موجود نہیں ہے جبکہ پاکستان کی ستر فیصد آبادی دیہاتوں میں رہتی ہے۔ اسی لئے ٹی آر پی پر تنقید کرنیوالے کہتے ہیں کہ یہ نظام پاکستان جیسے ملک میں ناظرین کی اصل نمائندگی کیسے کرسکتا ہے کیونکہ یہ ایک فیصد سے بھی کم آبادی کی ترجمانی کرتا ہے۔ جیسا کہ زیادہ تر پیپل میٹر صرف کراچی میں لگائے گئے ہیں، اس طرح ایک شہر کے چند سو ناظرین کی رائے باقی سارے ملک کے ناظرین کی رائے کے برابر کیسے ہوسکتی ہے؟ اسکے علاوہ جہاں پر پیپل میٹر لگائے جاتے ہیں انکے بارے میں شک کیا جاسکتا ہے کہ وہ گھر کسی نہ کسی دبائو میں بھی آسکتے ہیں جن میں مالی فائدہ یا مرعوب کرنے کی کوئی دوسری صورت بھی ہو سکتی ہے۔ اسی لئے سوال اٹھ رہے ہیں کہ ایسی صورتحال میں کیا ٹی آر پی کو ٹیلی ویژن چینلوں اور پروگراموں کے حوالے سے مقبولیت کا ڈیٹا اکٹھا کرنے والا محفوظ نظام کہا جا سکتا ہے؟ جیسا کہ ڈائری ریٹنگ اور پیپل میٹر ریٹنگ میں زمین آسمان کا فرق ہے ویسے ہی ڈائری ریٹنگ اور پیپل میٹر ریٹنگ میں کرپشن کے امکانات کا بھی زمین آسمان کا فرق ہے۔ ڈائری ریٹنگ میں کسی پروگرام یا چینل کی مقبولیت کم یا زیادہ کرنے کیلئے بہت زیادہ افرادی قوت درکار ہوتی ہے۔ اسکے باوجود بہت ہی معمولی نتائج پر اثرانداز ہوا جا سکتا ہے۔ دوسری طرف پیپل میٹر ریٹنگ میں معمولی سی منصوبہ بندی کے ساتھ نتائج پر بہت زیادہ اثرانداز ہوا جا سکتا ہے لہٰذا پیپل میٹر ریٹنگ پر شکوک و شبہات اور سوالات اٹھتے ہیں۔ دنیا بھر میں ’’ڈی ٹی ایچ نظام‘‘ آجانے کے بعد پیپل میٹر ناکارہ ہوگئے ہیں۔ ڈی ٹی ایچ سے مراد ’’ڈائریکٹ ٹوہوم‘‘ یعنی کیبل کے بغیر سیٹلائٹ کے ذریعے اپنے ٹی وی سیٹ پر براہِ راست پروگرام دیکھنا ہے۔ پاکستان میں کئی برس پہلے ڈی ٹی ایچ کا منصوبہ بنایا گیا لیکن تاحال عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکا۔ پاکستان میں فی الحال رائج پیپل میٹر ریٹنگ دراصل عوام کے نام کو ایکسپلائٹ کرنے کا نظام ہے یعنی جس طرح انتخابات میں جعلی ووٹ ڈالے جاتے ہیں ویسے ہی ناظرین کی رائے کے جعلی ووٹ کاسٹ کئے جاتے ہیں۔ یہ بھی اُسی انداز کی دھاندلی ہے جس کی بنیاد پر الیکشن کالعدم قرار دیئے جاتے ہیں یا اسے مضاربہ سکینڈل جیسی دھوکہ دہی کہا جاسکتا ہے۔ بیشک ہمارے ہاں پرائیویٹ ٹی وی چینلز اشتہار لینے میں آزاد ہیں لیکن الیکٹرانک میڈیا کیلئے عوام کے نام کو غلط استعمال کرنے کے رجحان پر  نظر رکھنے کی شدید ضرورت ہے۔

No comments:

Post a Comment